vni.global
Viral News International

بجٹ: کرائے سے ہونے والی آمدنی اور جائیداد کی لین دین پر ٹیکس میں اضافہ

نان فائلرز کی حوصلہ شکنی کیلئے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح 5 فیصد کرنے کی تجویز

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کرائے سے ہونے والی آمدنی پر بھی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس امر میں کوئی شک نہیں کہ صاحب حیثیت افراد کی دولت کا بڑا حصہ پاکستان کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں موجود ہے، یہ دو دھاری تلوار ہے، اس سے ایک طرف غیر پیداواری اثاثے جمع ہوتے ہیں اور دوسری طرف غریب اور کم آمدنی والے طبقوں کیلئے مکانات کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں لہٰذا اس عدم توازن کو درست کرنے کا ارادہ رکھتے  ہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ وہ تمام افراد جن کی ایک سے زائد غیر منقولہ جائیداد پاکستان میں موجود ہے اور جس کی مالیت ڈھائی کروڑ روپے سے زیادہ ہے اس پر فیئر مارکیٹ ویلیو کے 5 فیصد کے برابر فرضی آمدن/ کرایہ تصور کیا جائے گا جس کے نتیجے میں پراپرٹی کی فیئر مارکیٹ ویلیو کے ایک فیصد ٹیکس کی شرح مؤثر ہوگی۔ تاہم ہر کسی کا ایک عدد ذاتی رہائشی گھر اس ٹیکس سے مستثنیٰ ہوگا۔

غیر منقولہ جائیداد کی لین دین پر ٹیکس

مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ اب پاکستان میں واقع غیر منقولہ جائیداد کے کیپیٹل گین پر ایک سال ہولڈنگ پیریئڈ کی صورت میں 15 فیصد ٹیکس لاگو  کرنے کی تجویز ہے جو ہر سال ڈھائی فیصد کی کمی کے ساتھ چھ سال کے ہولڈنگ پیریئڈ کی صورت میں صفر ہوجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیکس فائلرز کیلئے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح ایک فیصد سے بڑھاکر 2 فیصد جبکہ نان فائلرز کی حوصلہ شکنی کیلئے ایڈوانس ٹیکس کی شرح 5 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.