vni.global
Viral News International

بی جے پی نے کاکروچ جنتا پارٹی کے آگے گھٹنے ٹیک دیے، وزیر تعلیم مستعفی

نئی دہلی: بھارت میں امتحانی پرچے لیک ہونے کے معاملے پر نوجوانوں کی تنظیم کاکروچ جنتا پارٹی کا گزشتہ تقریباً دو ماہ سے جاری شدید احتجاج بالآخر رنگ لے آیا ہے اور بھارتی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے وزیر تعلیم کا استعفیٰ قبول بھی کر لیا ہے۔

دارالحکومت نئی دہلی کے تاریخی مقام جنتر منتر پر جاری اس احتجاج کے دوران بھارت کی معروف شخصیت سونم وانگچک نے بھی 26 روز تک بھوک ہڑتال کی تھی، جبکہ 20 جولائی کو ہزاروں نوجوانوں نے جنتر منتر پر مظاہرہ کیا جس دوران پولیس کی جانب سے تشدد، لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔

مودی حکومت کی جانب سے احتجاج ختم کرانے کی تمام تر ترغیبات اور فاسٹ ٹریک عدالتیں بنانے کی پیشکش کے باوجود مظاہرین وزیر تعلیم کے استعفے کے مطالبے پر ڈٹے رہے، جسے ملک کی اپوزیشن اور سماجی شخصیات کی حمایت بھی حاصل تھی۔

وزیر تعلیم کے استعفے پر ردعمل دیتے ہوئے کاکروچ جنتا پارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے اور ان کی جدوجہد نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام کی طاقت کے آگے حکومت کو جھکنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاحال اس حوالے سے حکومت کے ساتھ ان کا کوئی باضابطہ رابطہ نہیں ہوا ہے، تاہم مظاہرین نے اپنا مقصد حاصل کر لیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.