حکومت سے مذاکرات ناکام، پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کا کل سے ہڑتال کا اعلان
حکومت سے مذاکرات ناکام، ملک بھر میں کل رات سے پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان
اسلام آباد میں وزارتِ پیٹرولیم اور آل پاکستان پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ناکام ہو گئے ہیں، جس کے بعد ایسوسی ایشن نے کل رات 12 بجے سے پورے ملک میں پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
آل پاکستان پیٹرول پمپس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری نعمان علی بٹ نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کسی صورت قبول نہیں ہے اور ایسوسی ایشن حکومت کے مجوزہ ڈیلی پرائس مکینزم کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے نئے پرائسنگ نظام کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت اوگرا کو پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر جاری کرنا تھیں اور یہ تعین گزشتہ سات دنوں کی اوسط عالمی قیمتوں کو مدنظر رکھ کر کیا جانا تھا۔ اس نئے مکینزم پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پیٹرولیم ڈیلرز نے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔