vni.global
Viral News International

سکیورٹی فورسز کی بلوچستان اور کے پی میں کارروائیاں، 10 دہشتگرد ہلاک،کیپٹن شہید

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں خفیہ اطلاع پر کی جانے والی ایک کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، جن کا تعلق ضلع نارووال سے تھا۔ دہشت گردوں نے کارروائی کے دوران مسجد میں پناہ لے کر اس کی حرمت کو پامال کیا۔

دوسری جانب، بلوچستان کے علاقوں کمبیلہ اور عاصم آباد میں ‘آپریشن رَدُّ الفتنہ 3’ کے تحت سکیورٹی فورسز نے 68 مربع کلومیٹر کا علاقہ کلیئر کروا لیا۔ اس سرچ اینڈ سینی ٹائزیشن آپریشن کے دوران مزید 3 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے اور 2 لاشیں بھی برآمد کی گئیں۔ فورسز کی اس کارروائی میں 4 دہشت گرد زخمی ہوئے، جن میں ان کا سرغنہ شوکت ماما بھی شامل ہے، جبکہ 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر دہشت گردوں کی پناہ گاہیں تباہ کر دی گئیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم شہید کی جرات اور فرض شناسی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ رہنماؤں نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.