گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں کیلئے پولنگ جاری
گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، صبح سے ہی مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کا شدید رش دیکھا جا رہا ہے اور لوگ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ کا یہ عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ انتخابات میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت مقامی پولیس، جی بی اسکاؤٹس اور پنجاب پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ حساس اور انتہائی حساس قرار دیے گئے پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ان انتخابات میں مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ 400 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 23، مسلم لیگ (ن) نے 22، استحکامِ پاکستان پارٹی نے 15، پاکستان مسلم لیگ نے 11 اور جے یو آئی (ف) نے 9 امیدوار میدان میں اتارے ہیں، جبکہ 266 آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر راجا شہباز نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا کہ پولنگ وقت پر شروع ہوئی اور شہری جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔ جی بی اے 1 اور جی بی اے 2 گلگت سمیت کئی اہم حلقوں میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اور آئی پی پی کے رہنماؤں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔