ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافہ، سالانہ شرح 15.28 فیصد تک پہنچ گئی
ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.46 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح بڑھ کر 15.28 فیصد ہو گئی ہے۔ ادارہ شماریا ت کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق، حالیہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا، جبکہ 11 اشیا سستی ہوئیں اور 15 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ قیمتوں میں اضافے کے لحاظ سے ٹماٹر 16.65 فیصد، آلو 6.82 فیصد اور چکن 5.60 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ واشنگ سوپ کی قیمت میں بھی 1.16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ دودھ، دہی، مٹن، انڈے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب، عوام کے لیے کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی ہے، جس کے تحت پیاز 2.98 فیصد، لہسن 2.51 فیصد اور کیلے 1.28 فیصد سستے ہوئے۔ پٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے ڈیزل کی قیمت میں 1.06 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 0.52 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مختلف دالوں اور آٹے کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔