عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ,وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم کی زیر صدارت “پرائم منسٹر اپنا گھر سکیم” پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سکیم پر عملدرآمد، فنانسنگ اور آئندہ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سکیم پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق اور متوسط طبقے کے افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے سرکاری اور نجی بینکوں کو سکیم کی کامیابی کے لیے زیادہ سے زیادہ فنانسنگ فراہم کرنے کی تاکید کی اور ہدایت کی کہ عمودی اور افقی ماڈل ہاؤسنگ منصوبوں کے لیے جلد جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
اجلاس کے دوران دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سکیم کے تحت بینک اب تک 204 ارب روپے کی فنانسنگ منظور کر چکے ہیں، جبکہ 27 ارب روپے کی رقم مستحقین کو فراہم کی جا چکی ہے۔ مزید برآں، وزارت ہاؤسنگ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان اس سکیم کی پیشرفت کا ہر ہفتے باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ اس اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، میاں ریاض حسین پیرزادہ، بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔