vni.global
Viral News International

بھارت سے چلنے والا آن لائن پروپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب، سیکیورٹی اداروں نے مرکزی ملزم دھر لیا

پاکستان اور پاکستانی ایجنسی سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والا ملزم گرفتار، تانے بانے انڈیا سے ملتے ہیں: عطا تارڑ

اسلام آباد — پاکستان اور ملکی سیکیورٹی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی و گمراہ کن مہم چلانے والے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کا ڈراپ سین ہو گیا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے ڈجیٹل مارکیٹنگ سروسز فراہم کرنے والے ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کر کے ڈجیٹل پروپیگنڈے کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا، جس کے تانے بانے براہِ راست بھارت سے ملتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ گرفتار ملزم کی جانب سے چلائی جانے والی ملک مخالف مہم کے لیے تمام مالی ادائیگیاں بھارت سے کی جا رہی تھیں۔ دورانِ تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی کہ مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرتے ہوئے پرانی اور غیر متعلقہ ویڈیوز کو آزاد کشمیر کی صورتحال سے جوڑ کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

ملزم نے اعتراف کیا کہ اسے موصول ہونے والا زیادہ تر مواد آزاد کشمیر میں ایکشن کمیٹی سے متعلق تھا، جس کا بنیادی مقصد علاقے میں افراتفری، پرتشدد احتجاج اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنا تھا۔ بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ایسی پوسٹس وائرل کی جا رہی تھیں جن کے ذریعے عوام کو ریاستی اداروں اور پولیس کے خلاف اکسایا گیا۔

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام اور کشمیر کاز سے ان شرپسند عناصر کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقابل تردید شواہد سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ سوشل میڈیا پر قانون ہاتھ میں لینے والوں کو بھارت کی مکمل سرپرستی اور فنڈنگ حاصل تھی تاکہ خطے کا امن تباہ کیا جا سکے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.