انتشار پھیلانے والی ہر کوشش کو کچلا جائیگا:کورکمانڈرز کانفرنس
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی زیر صدارت پاک فوج کی 276 ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی کی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس میں واضح کیا گیا کہ معرکہ حق میں عبرتناک شکست کے بعد دُشمن ہائبرڈ وار فیئر اور جھوٹے بیانیوں کے ذریعے ملک میں بے امنی اور انتشار پھیلانا چاہتا ہے، تاہم بیرونی مدد سے کی جانے والی ایسی ہر کوشش کو سختی سے کچل دیا جائے گا۔
علاقائی سلامتی اور افغان سرزمين کا استعمال
کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں کی جانب سے افغان طالبان کے زیر تسلط علاقوں کے مسلسل استعمال اور پاکستان کے خلاف منصوبہ بندی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے عزم دہرایا کہ مسلح افواج افغان طالبان کے زیر قبضہ علاقوں سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن بھارتی پراکسیوں کی روک تھام سے مشروط ہے۔
کشمیر اور سندھ طاس معاہدہ
فورم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور یکطرفہ آبادیاتی تبدیلی کی بھارتی پالیسیوں کی سخت مذمت کی۔ اس کے علاوہ کانفرنس میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کے حالیہ بیانات کا بھی نوٹس لیا گیا اور واضح کیا گیا کہ پاکستان اپنے جائز پانی کے حصے کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
بہترین گورننس پر زور
شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں بہترین گورننس اور مضبوط انتظامی ڈھانچہ فراہم کرنا لازم ہے جو عوامی فلاح پر مرکوز ہو تاکہ مذموم سیاسی پشت پناہی میں پنپنے والے جرائم اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑا جا سکے۔ کانفرنس کے آخر میں شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔