فیفا ورلڈکپ 2026: مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو 0-1 سے ہرادیا
فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے گروپ سی کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں مراکش نے اسکاٹ لینڈ کو 0-1 سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کر لی ہے اور اس جیت کے ساتھ ہی مراکش نے ٹورنامنٹ میں 3 قیمتی پوائنٹس بھی اپنے نام کر لیے ہیں۔
میچ کے آغاز سے ہی مراکش کی ٹیم نے انتہائی جارحانہ کھیل پیش کیا اور کھیل کے صرف 71ویں سیکنڈ میں مراکش کے کھلاڑی سائبری نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی۔ پہلے ہاف کے دوران مراکش کے کھلاڑی مزید برتری حاصل کرنے کے لیے مسلسل حملے کرتے رہے جبکہ دوسری طرف اسکاٹ لینڈ کی ٹیم اس خسارے کو پورا کرنے کی کوششوں میں مصروف نظر آئی، تاہم وقفے تک مقابلہ مراکش کے ہی حق میں رہا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے پچھلے ہاف کے مقابلے میں زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا جہاں ان کی پاسنگ اور حملے کافی جاندار تھے، لیکن وہ مراکش کے مضبوط دفاع کو توڑنے اور گول کرنے میں ناکام رہے۔ کھیل کا اختتام مراکش کی 0-1 سے جیت پر ہوا جس کے باعث انہیں 3 قیمتی پوائنٹس مل گئے، تاہم اس ناکامی کے باوجود اسکاٹ لینڈ کا ایونٹ میں آگے بڑھنے کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے اور ان کے پاس اگلے مرحلے میں پہنچنے کے امکانات اب بھی موجود ہیں۔