حج 2027 کی درخواستوں کی وصولی 18 اگست سے شروع ہوگی
اسلام آباد: وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2027ء کے لیے سرکاری اور نجی اسکیم کی درخواستوں کی وصولی کی تاریخ تبدیل کر دی گئی ہے اور اب درخواستیں 17 اگست کے بجائے 18 اگست سے وصول کی جائیں گی۔ پاکستان کا کل حج کوٹہ 1,79,210 مقرر کیا گیا ہے، جس میں سے 60 فیصد (1,07,526) سرکاری اسکیم اور 40 فیصد (71,684) نجی اسکیم کے لیے مختص ہے۔
درخواستیں “پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی اور کوٹہ مکمل ہوتے ہی وصولی روک دی جائے گی۔ اس مرتبہ درخواستیں اور نصف حج اخراجات کی پہلی قسط صرف حبیب بینک (HBL) کی مقررہ برانچوں میں جمع ہوں گی، جبکہ عازمین پاک حج ایپ، ویب سائٹ، ون لنک، پی ایس آئی ڈی یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے بھی ڈیجیٹل طریقے سے ادا کر سکیں گے۔
سرکاری اسکیم میں شارٹ حج (20 تا 25 روز) کے لیے 30,000 نشستیں اور 13 لاکھ روپے اخراجات مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ لانگ حج (38 تا 42 روز) کے لیے 77,526 نشستیں اور 12 لاکھ روپے اخراجات طے کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تارکین وطن کے لیے POC کارڈ کی بنیاد پر 1 فیصد کوٹہ (1,792 نشستیں) مختص کیا گیا ہے، اور تاریخ میں پہلی بار نجی حج اسکیم کی درخواستیں بھی حکومت کی براہِ راست نگرانی میں جمع ہوں گی۔