پنجاب میں 5000 الیکٹرک بسیں چلانے اور طلبا کو ای بائیکس دینے کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بڑا اعلان: صوبے میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے اور طلبہ کو ای بائیکس دینے کا فیصلہ
لاہور :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے عوام اور خاص طور پر طلبہ کے لیے بڑے سفری منصوبوں کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے آئندہ 5 سالوں کے دوران پنجاب بھر میں 5,000 نئی الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دے دی ہے۔
اجلاس میں صوبے کے اندر ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے الیکٹرک بسوں کے ساتھ ساتھ ای ٹیکسیاں، ای بائیکس اور ای تھری وہیلرز (رکشے) بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسمبلنگ پلانٹ اور مقامی صنعت کا قیام
وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح کیا کہ حکومت صرف الیکٹرک بسیں درآمد نہیں کر رہی بلکہ صوبے میں ان کی مینوفیکچرنگ انڈسٹری بھی قائم کی جا رہی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا اسمبلنگ پلانٹ باقاعدہ طور پر کام شروع کر چکا ہے، جس سے مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
طلبہ اور سرکاری ملازمین کے لیے ای بائیکس

اجلاس میں تعلیمی اداروں کے طلبہ اور سرکاری ملازمین کے لیے بھی شاندار پیکیج کا اعلان کیا گیا:
-
ایک لاکھ ای بائیکس کی فراہمی: ایک سال کے دوران طلبہ کو آسان اقساط پر 100,000 الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
-
70 ہزار روپے کی سبسڈی: پنجاب حکومت ہر ای بائیک کی خریداری پر 70,000 روپے کی خطیر سبسڈی دے گی۔
-
طالبات کے لیے خصوصی پیکج: طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کی ای بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ (پیشگی رقم) اور رجسٹریشن فیس وزیراعلیٰ مریم نواز خود ادا کریں گی۔
-
سرکاری ملازمین: پنجاب کے سرکاری ملازمین کو بھی آسان اقساط پر یہ ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں کے تعمیراتی کام کے دوران حفاظتی اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔