وزیراعظم کا پٹرول 74، ڈیزل 67 روپے فی لٹر کمی کا اعلان
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عوام کے لیے ایک بہت بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کر دی ہے۔
حکومت کے نئے فیصلے کے مطابق پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 74 روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کی نمایاں کمی کی گئی ہے۔ اس بڑی کٹوتی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے اور ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لٹر مقرر ہو گئی ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خطے کی بدلتی معاشی صورتحال اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا پورا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ حکومت قوم سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرنے جا رہی ہے اور موجودہ حالات میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مشکل معاشی حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیرِ اعظم نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس بحران کے دوران وفاقی حکومت نے اپنے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری مہم سے حاصل ہونے والی بچت میں سے 129 ارب روپے کا خطیر فنڈ صرف عوام کو ریلیف دینے کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں شدید معاشی دباؤ کے باوجود بہتر حکمتِ عملی کی بدولت پاکستان میں نہ تو توانائی کا کوئی بحران پیدا ہوا، نہ ایندھن کی قلت ہوئی اور نہ ہی فیول راشننگ کی نوبت آئی۔
معیشت کو سنبھالنے اور استحکام لانے کے حوالے سے انہوں نے تمام صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور پوری معاشی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ‘اسلام آباد مفاہمتی یادداشت’ پر دستخط کو ایک تاریخی سفارتی کامیابی قرار دیا اور اس سلسلے میں عسکری و حکومتی قیادت کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔