ملک میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ: غریب عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل
اسلام آباد / کراچی: ملک بھر میں بنیادی غذائی ضرورت یعنی آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اور بے تحاشا اضافے نے غریب و متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (ادارہ شماریات) کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، ملک کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمتوں میں شدید تفاوت اور نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اس ناگہانی اضافے نے عام شہریوں اور دہاڑی دار طبقے کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، جہاں بنیادی خوراک کی خرید بھی ان کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔

مختلف شہروں میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی موجودہ قیمتیں
کراچی: 3,200 روپے (ملک بھر میں سب سے مہنگا آٹا، حال ہی میں 200 روپے کا اضافہ ہوا)،پشاور: 3,100 روپے،اسلام آباد: 3,093 روپے،راولپنڈی: 3,067 روپے،حیدرآباد: 2,940 روپے،بنوں: 2,900 روپے،کوئٹہ: 2,850 روپے،سرگودھا، ملتان، سیالکوٹ، گوجرانوالہ: 2,800 روپے،بہاولپور: 2,740 روپےلاڑکانہ و خضدار: 2,700 روپے،سکھر: 2,500 روپے،لاہور: 2,300 روپے،فیصل آباد: 2,200 روپے
عوام کی مشکلات اور مطالبات

شہریوں کا کہنا ہے کہ دیگر اشیائے ضروریہ اور بجلی و گیس کے بھاری بلوں کے ساتھ آٹے کے نرخوں میں مسلسل اضافہ ان کی برداشت سے باہر ہو چکا ہے۔ دہاڑی دار طبقے اور کم آمدن والے گھرانوں کے لیے دو وقت کا کھانا پورا کرنا مشکل ہو گیا ہے۔
عوام نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کر کے غریب عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔