پانی پاکستان کی لائف لائن ہے، ہر صورت اپنے حقوق کا دفاع کریں گے: بلاول
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے سندھ کا پانی پاکستان کی لائف لائن اور زندگی کی ضمانت ہے، اس لیے پاکستان اپنے آبی حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا اور ہر فورم پر اپنے حقوق کا دفاع کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی صرف ایک جغرافیائی معاملہ نہیں بلکہ یہ ہماری خوراک، مستقبل اور زندگی کا سوال ہے، جبکہ سمندری گزرگاہوں یا آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا عالمی امن کے لیے ایک خطرناک رجحان ہے جس کے خلاف عالمی برادری کو نئے بین الاقوامی قوانین وضع کرنے چاہئیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار امن ممکن نہیں ہے کیونکہ کسی بھی ملک کی پانی کی فراہمی کو جان بوجھ کر روکنا ایک وجودی حملہ تصور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن وہ ہر صورت اپنے بنیادی مفادات کا تحفظ کرے گا، اور بھارت کو یہ تاثر بالکل نہیں ملنا چاہیے کہ وہ پاکستان پر دباؤ بڑھاتا رہے گا اور پاکستان صرف احتجاج تک محدود رہے گا، بلکہ مؤثر دفاع کے لیے مخالف فریق کو یہ معلوم ہونا ضروری ہے کہ سرخ لکیر عبور کرنے کی اسے کیا قیمت ادا کرنا پڑے گی۔