vni.global
Viral News International

زیارت: پولیس چوکی پر حملہ، 9 اہلکار شہید، 15 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے کچ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر بزدلانہ حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں دو ایس ایچ اوز سمیت 9 پولیس اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔ گزشتہ رات سے شروع ہونے والے اس حملے کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ شہداء میں ایس ایچ او مانگی محمد حسین اور ایس ایچ او کواس صحبت خان بھی شامل ہیں، جن کی میتیں ڈی ایچ کیو ہسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور کامیاب مشترکہ کلیئرنس آپریشن کیا، جس میں فتنہ الخوارج کے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند کے مطابق اس آپریشن میں ایف سی، بلوچستان پولیس، سی ٹی ڈی، ایس او ڈبلیو اور اے ٹی ایف نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران ڈی ایس پی غلام سرور سمیت 8 پولیس اہلکار دشوار گزار راستوں سے بحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے جبکہ ایک مغوی کانسٹیبل رضوان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ شاہد رند کا کہنا تھا کہ صوبے کے امن سے کھیلنے والے دہشت گردوں کو بھاری قیمت چکانی پڑی ہے اور ان کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رہیں گی۔

اس افسوسناک واقعے پر وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور امن دشمنوں کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملانے پر پولیس فورس کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ مریم نواز نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس مشکل گھڑی میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.