خلیجی ممالک اپنے حقیقی دشمن کی شناخت کریں ، ایرانی سپریم لیڈر
ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے خطے میں درپیش صورتحال کے پیش نظر تمام خلیجی و اسلامی ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حقیقی دشمنوں کو پہچانیں اور امریکا و اسرائیل کی سازشوں کے خلاف متحد ہو جائیں। انہوں نے اپنے ایک خاص تحریری پیغام میں زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کے درپیش تمام مسائل کا واحد حل باہمی دوستی، اتحادِ کلمہ اور نیک کاموں میں ایک دوسرے کا تعاون کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر مسلم ممالک اور قوموں کے درمیان ہر ممکن طریقے سے تقسیم اور انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لہٰذا تمام مسلمانوں کو ایسے تمام اقدامات اور باتوں سے گریز کرنا چاہیے جو ان کے درمیان تفریق کا باعث بنیں۔
سپریم لیڈر نے واضح کیا کہ امریکا اور اسرائیل مختلف نسلی، ثقافتی، معاشی، سیاسی اور جغرافیائی اختلافات کا سہارا لے کر ایران اور دیگر اسلامی ممالک کی عوام کے درمیان دراڑیں ڈالنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں طاقتیں صرف ایران کی مخالف نہیں ہیں بلکہ پورے عالمِ اسلام کی مشترکہ دشمن ہیں اور کبھی نہیں چاہتیں کہ مسلم ممالک کے درمیان پائیدار اتحاد یا دوستی قائم ہو۔ انہوں نے خلیجی ریاستوں پر زور دیا کہ وہ خطے میں جاری کشیدگی اور دشمن کے منصوبوں کی نزاکت کو سمجھیں اور ان کا دندان شکن مقابلہ کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ملکی معاشی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے ایران کی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کرے اور ایسی باتوں سے بچا جائے جن سے عوام میں کسی بھی قسم کی مایوسی پھیلے۔ انہوں نے مشکل جنگی اور معاشی حالات میں بہترین حکمت عملی سے ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنے پر ایرانی صدر اور ان کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ جواب میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سپریم لیڈر کے اس پیغام پر شکریہ ادا کرتے ہوئے قوم کو یقین دلایا کہ تمام ادارے مکمل یکجہتی کے ساتھ ملک کا دفاع کریں گے اور قومی اتحاد کو برقرار رکھا جائے گا۔