بجلی کی خرید و فروخت میں 12 ارب کی مبینہ کرپشن، فیسکو کے دو سابق چیف ایگزيکٹو گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) میں بجلی کی خرید و فروخت کے دوران ہونے والی مبینہ 12 ارب روپے کی کرپشن پر بڑی کارروائی کی ہے۔
حکام کے مطابق اس مالی بے ضابطگی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر فیسکو کے دو سابق چیف ایگزیکٹو افسران خورشید عالم اور احمد سعید اختر کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور عدالت سے ان کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیسکو کے 6 سابق چیف ایگزیکٹو افسران سمیت مجموعی طور پر 15 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان نے سال 2007 سے 2015 کے دوران مبینہ ملی بھگت سے لائسنس کے بغیر غیر قانونی طور پر بجلی کی خرید و فروخت کی اور معاہدہ ختم ہونے کے بعد بھی سپلائی جاری رکھی، جس کے باعث قومی خزانے کو تقریباً 11 ارب 96 کروڑ روپے کا بھاری نقصان پہنچا۔
اس کیس کے دیگر نامزد ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جا سکیں۔