فیفا ورلڈ کپ 2026، فرانس نے ناروے کو 1-4 سے شکست دیدی
فرانس نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ آئی میں اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ناروے کو 1-4 سے عبرتناک شکست دے دی ہے، جس کے بعد وہ گروپ میں مسلسل تیسری فتح کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آ گیا ہے۔ بوسٹن میں کھیلے گئے اس یکطرفہ میچ کے ہیرو فرانس کے اسٹار کھلاڑی عثمان ڈیمبیلے رہے، جنہوں نے میچ کے 7 ویں، 20 ویں اور 32 ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے گول داغ کر اپنی شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی، جو فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ہیٹ ٹرک بھی بن گئی ہے۔

میچ کے آخری لمحات میں فرانس کی جانب سے چوتھا گول ڈیزائرے دوئے نے انجری ٹائم میں اسکور کر کے ٹیم کی پوزیشن کو مزید مضبوط کر دیا۔ دوسری جانب ناروے کی ٹیم پورے میچ میں بے بس نظر آئی اور ان کی طرف سے واحد گول تھیلو آسگارڈ ہی کر سکے۔ واضح رہے کہ ناروے کے کوچ نے اس اہم میچ کے لیے اپنی ابتدائی الیون میں 10 تبدیلیاں کی تھیں، تاہم ان کا یہ فیصلہ ٹیم کے لیے سودمند ثابت نہ ہو سکا۔