vni.global
Viral News International

چارسالہ حج پالیسی پیش، پیکج 12 سے 13 لاکھ کا ہوگا

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے چار سالہ حج پالیسی پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ٹیکنالوجی اور شفافیت کے ساتھ جامع اور قابل عمل حج پالیسی تیار کی گئی ہے، جس کے تحت حج پیکج کا تخمینہ 12 سے 13 لاکھ روپے کے درمیان ہوگا جبکہ اس میں کمی یا اضافہ کابینہ کے اختیارات میں شامل ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ 2027 سے 2030 تک کے لیے مرتب کی گئی یہ پالیسی سعودی وژن 2030 کے عین مطابق ہے جس کے تحت حج انتظامات میں عالمی معیار، شفافیت اور پائیداری لائی جائے گی۔ اس پالیسی میں پہلی بار عازمینِ حج کے لیے پیشگی رجسٹریشن اور ویٹنگ لسٹ کا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جبکہ 10 فیصد رقم کی ادائیگی پر حج درخواست دہندگان اپنا نام فہرست میں شامل کرا سکیں گے۔

وزیر مذہبی امور کے مطابق سرکاری اور نجی اسکیم کا کوٹہ بالترتیب 60 اور 40 فیصد پر برقرار رہے گا جبکہ نجی حج آپریٹرز کی رجسٹریشن اور نگرانی اب محض کوٹہ دینے کے بجائے محض ان کی کارکردگی اور معیار کی بنیاد پر کی جائے گی۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر خریداری اور انتظامات پاکستان اور سعودی عرب میں کھلے اور شفاف طریقہ کار کے تحت ہوں گے اور تمام اخراجات کے بعد رقم بچنے کی صورت میں عازمین کو رقم واپس کی جائے گی۔

عازمین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک ڈیجیٹل سسٹم اور اپیل کا نظام بھی قائم کیا جا رہا ہے، جبکہ عازمین کی تربیت کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور حجاج محافظ اسکیم کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.