بنوں میں تیز آندھی اور بارش سے 4افراد جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے
خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بنوں میں شدید موسم کے باعث دیواریں اور مکانات گرنے سے 4 ہلاکتیں اور 16 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جبکہ لاہور، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ اور سیالکوٹ سمیت کئی شہروں میں درخت اور سولر پینل اکھڑ گئے ہیں، جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور پی ڈی ایم اے نے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو مکمل فعال کرتے ہوئے عوام کو خراب موسم میں خستہ حال عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔