غریب عوام سے ٹیکس لیوی کی مد میں بھتہ لیا جارہا ہے ، حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم لیوی کی صورت میں غریب عوام سے جبری بھتہ وصول کیا جا رہا ہے، جس کے خلاف جماعت اسلامی لاہور میں طویل دھرنا دے سکتی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں کے خلاف ملک بھر میں سؤوں مقامات پر احتجاجی دھرنوں اور بیداری کی تحاریک کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مقامی سطح پر عوام کو اس کا فائدے اور ریلیف نہیں دیا جا رہا۔
حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کے اخراجات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے اپنے اخراجات ایک ٹریلین روپے تک جا پہنچے ہیں جبکہ عام شہری شدید لوڈ شیڈنگ اور معاشی مشکلات جھیل رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری بابوؤں اور افسران کے پاس 1300 سی سی سے بڑی گاڑی نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کو لاہور میں متوقع دھرنے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر مظاہرین کو زبردستی اٹھانے کی کوشش کی گئی تو اس کے نتائج کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔