فیفا ورلڈ کپ: الجزائر اور آسٹریا کا میچ برابر، ایرانی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر
فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ جے میں الجزائر اور آسٹریا کے درمیان کھیلا گیا سنسنی خیز مقابلہ 3-3 گول سے برابر ہو گیا ہے۔ اس سنسنی خیز میچ کے نتیجے کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں نے راؤنڈ آف 32 (ناک آؤٹ مرحلے) کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے، جبکہ ایرانی ٹیم ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔
میچ کا آغاز انتہائی دلچسپ رہا اور ابتدائی 60 منٹ تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا۔ اس کے بعد الجزائر نے دوسرے ہاف کے انجری ٹائم میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرا گول داغا اور میچ میں برتری حاصل کر لی۔ تاہم، میچ کے بالکل آخری لمحات میں آسٹریا نے زبردست کم بیک کرتے ہوئے تیسرا گول کر کے اسکور برابر کر دیا اور راؤنڈ آف 32 میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے قوانین کے مطابق دونوں ٹیموں میں سے کسی ایک کا جیتنا ضروری تھا، لیکن اس برابری کے نتیجے اور پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کے باعث الجزائر اور آسٹریا اگلے مرحلے میں پہنچ گئے جبکہ ایران ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔
ایرانی فٹبال ٹیم کے کپتان مہدی طارمی نے فیفا ورلڈکپ کے میزبان امریکا پر غیر منصفانہ سلوک کا الزام عائد کردیا۔

مہدی طارمی نے کہا فیفا نے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا لیکن کچھ بھی نہیں بدلا، ایرانی ٹیم کے لاجسٹک عملے اور میڈیا کو اب تک ویزے نہیں مل سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر میچ کے بعد واپس جانا پیشہ ورانہ ٹورنامنٹ کے شایانِ شان نہیں، ہم میکسیکو کے عوام سے محبت کرتے ہیں، مسئلہ سفری انتظامات کا ہے۔
مہدی طارمی کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایران کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنا ہے تو کر دیں لیکن یہ انصاف نہیں ہے۔