vni.global
Viral News International

دہشتگردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچل دیا جائے گا: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست کی پوری قوت سے کچل دیا جائے گا اور دشمن ایجنسیوں کی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر کی تمام کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کا دورہ کیا اور نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹ افسران سے خطاب کیا، جس میں پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ این ڈی یو جیسے اہم ادارے مستقبل کی عسکری و سول قیادت کو ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے بدلتی ہوئی جنگی حکمت عملیوں اور خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی چالوں سے پوری طرح باخبر ہیں اور کسی بھی پراکسی عنصر کو ملک کے امن، استحکام اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ افواجِ پاکستان قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ ان پراکسی عناصر کے ٹھکانوں کا خاتمہ یقینی بنائے گی اور دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے تاکید کی کہ پیچیدہ اسٹریٹیجک چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک بصیرت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت بنیادی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ جنگیں بیان بازی یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.