راولپنڈی اسلام آباد میں رات گئے موسلادھار بارش، انڈر پاسز اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں
راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات گئے ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد مختلف علاقوں میں صورتحال تشویشناک ہو گئی ہے۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی 6 میں انڈر پاسز بارش کے پانی سے بھر گئے جبکہ چھٹہ بختاور میں سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا۔
راولپنڈی کے کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 19 فٹ تک پہنچنے کے بعد ملحقہ آبادی کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر کے واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری کو متحرک کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش سید پور میں 85 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ گولڑہ میں 75، شمس آباد میں 65 اور پیرودھائی میں 64 ملی میٹر بارش ہوئی۔
دوسری جانب دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جبکہ تربیلا، چشمہ اور تونسہ بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔