ملک میں مون سون کا پہلا طاقتور سپیل متوقع، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے یکم جولائی سے 6 جولائی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مونسون کی پہلی باقاعدہ اور طاقتور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور شہریوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اس سپیل کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کا امکان ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد کی صورتحال
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم، چکوال اور اٹک میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔ مکتوبہ الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ علاوہ ازیں، جنوبی پنجاب کے اضلاع (ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان وغیرہ) میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بادل برسیں گے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
-
خیبرپختونخوا: دیر، سوات، چترال، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت بالائی اضلاع میں یکم سے 5 جولائی تک شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
-
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر: استور، سکردو، ہنزہ، اور مظفرآباد سمیت دیگر علاقوں میں یکم سے 6 جولائی کے دوران شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سطح پر سیلابی صورتحال کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان اور سندھ میں پیشگوئی
بلوچستان کے اضلاع (ژوب، بارکھان، سبی، نصیر آباد وغیرہ) میں یکم سے 4 جولائی جبکہ سندھ کے بالائی اضلاع (لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، دادو وغیرہ) میں 3 اور 4 جولائی کو گرج چمک کے ساتھ مونسون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
شہریوں اور سیاحوں کے لیے اہم ہدایات
این ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ موسلا دھار بارش کے دوران نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور برساتی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے سخت گریز کریں۔ سیاحوں اور مسافروں کو بھی موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کو بروقت معلومات اور الرٹس کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کا مشورہ دیا ہے