vni.global
Viral News International

پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم خاتون کو بچاتے ہوئے شہید

اسلام آباد: اغوا کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم شہید ہوگئے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک خاتون کو مبینہ اغوا کی کوشش سے بچاتے ہوئے پاک فضائیہ کے بہادر افسر گروپ کیپٹن عاصم جامِ شہادت نوش کر گئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم نائنتھ ایونیو سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو خاتون کا ہاتھ کھینچتے ہوئے دیکھا۔ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے وہ فوری طور پر واپس مڑے اور موٹرسائیکل کے قریب جا کر صورتحال جاننے کی کوشش کی۔ اس دوران متاثرہ خاتون گروپ کیپٹن عاصم کی گاڑی کی طرف بڑھیں، جس پر موٹرسائیکل پر سوار مبینہ ملزم سعد نے گروپ کیپٹن سے بدکلامی کی اور پھر ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم سعد اس کے دفتر میں کولیگ تھا، جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم، بعد میں ملزم نے راستہ تبدیل کر کے اسے کسی اور مقام پر لے جانے کی کوشش کی جس پر ان کے درمیان زور آزمائی ہو رہی تھی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ گروپ کیپٹن عاصم نے بروقت مداخلت کر کے ان کی جان اور آبرو کو محفوظ بنایا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں اور کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک فضائیہ کے شہید افسر گروپ کیپٹن عاصم نے سوگواران میں ایک بیوہ، بیٹی اور بیٹا چھوڑے ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.