vni.global
Viral News International

راشد منہاس شہید کا 55واں یوم شہادت، افواجِ پاکستان کا زبردست خراج عقیدت

پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ نے راشد منہاس شہید (نشان حیدر) کے 55ویں یوم شہادت کے موقع پر انہیں ملکی دفاع میں عظیم قربانی دینے پر پرخلوص اور شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بالخصوص اور پاکستان کی تمام مسلح افواج نے بالعموم وطن کے بے باک سپوت کو سلام پیش کیا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ 20 اگست 1971ء کے روز پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نے بے مثال شجاعت، پختہ عزم اور ڈیوٹی سے والہانہ وفاداری کا مظاہرہ کیا، ایک غير معمولی چیلنج کے سامنے انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور آن بان کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

راشد منہاس شہید کا یہ بے لوث اقدام شجاعت، وفاداری اور وطن کے دفاع کی ایک درخشان مثال ہے، قوم اور پاک افواج اس بہادر سپوت کی لاجواب قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گی، پاک افواج اور پوری قوم نے اس موقع پر پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ راشد منہاس شہید کی لافانی داستان شجاعت، وطن پرستی اور فرض شناسی کی ایک لازوال علامت کے طور پر انے والی نسلوں اور پاکستان کی مسلح افواج کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.