vni.global
Viral News International

غریب خاندانوں کو 300 یونٹ بجلی مفت دینگے، بلاول بھٹو

لاہور جلسے میں بلاول کی نواز شریف پر تنقید،کہا دل کی تکلیف ہوتی ہے تو لندن بھاگ جاتے ہیں

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آئی تو لوگوں کو 300 یونٹ تک مفت بجلی دینگے، روٹی کپڑا اور مکان کے اپنے منشور کو آگے بڑھائیں گے۔ 

 بلاول بھٹو نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دل کی تکلیف ہوتی ہے تو لندن بھاگ جاتے ہيں ، انہيں کہا بھی تھا لندن جانے کی ضرورت نہیں ، کراچی میں اسپتال موجود ہے۔

 لاہور کے حلقہ این اے 125 میں پیپلزپارٹی کے ورکرز کنوشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اپنے منشور پر الیکشن لڑیں گے، پی ٹی آئی حکومت میں بے نظیر سپورٹ انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی، ہم اس پروگرام میں اضافہ کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کے ساتھ پہلا وعدہ ہے کہ آپ کی آمدنی کو ڈبل کرنا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی غریب خاندانوں کو 300 یونٹ بجلی مفت دلوائی گی، نوجوانوں کو تعلیم دلوائیں گے، عوام کو مفت اور معیاری علاج کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 50 لاکھ گھر کا وعدہ کیا، ایک بھی گھر نہیں بنایا، سندھ میں ہم سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنا رہے ہیں، ہم مزدور کارڈ لے کر آئیں گے ہم مزدور کو ہر سہولت دیں گے،کسان کارڈ کے ذریعے چھوٹے کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچائیں گے، جو نوجوان روزگار کی تلاش میں ہیں ان کو مالی مدد فراہم کریں گے، پیپلزپارٹی ملک بھر میں بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کرے گی۔

بلاول کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی کو موقع ملے گا تو اپنا وعدہ پورا کریں گے، ہمارے وعدے ن لیگ اور پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں ہیں۔

اس کے علاوہ بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر حلقے سے جیتنے اور حکومت بنانے کے لیے اتخابات لڑ رہی ہے، آپ نے ہمارے 10 نکاتی منشور کو رائے ونڈ کے عوام تک پہنچانا ہے، ہم نفرت ،تقسیم اور گالی گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ، ن لیگ اور پی ٹی آئی وہ کام نہیں کر سکتی جو  پیپلزپارٹی کر سکتی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دل کی تکلیف ہوتی ہے تو لندن بھاگ جاتے ہیں، میں نے اس وقت بھی کہا تھا لندن جانے کی ضرورت نہیں کراچی میں اسپتال موجود ہے، ہم یہاں رائے ونڈ میں بھی آپ کے مفت علاج کے لیے اسپتال بنائیں گے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.