vni.global
Viral News International

سعودی وزیرِدفاع کی امریکی صدر سے ہنگامی ملاقات، سعودی ولی عہد کا پیغام پہنچایا

سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک اہم ہنگامی ملاقات کی ہے، جس کا بنیادی مقصد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام امریکی قیادت تک پہنچانا تھا۔

اس سے قبل انہوں نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور ایران کے ساتھ پیدا ہونے والی کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔   

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیرِ دفاع نے امریکی نائب صدر سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ سعودی عرب خطے میں کسی بھی قسم کی جنگ کے بجائے کشیدگی میں کمی اور حالات کو معمول پر لانے کا خواہاں ہے، کیونکہ سفارتی راستہ ہی سب سے زیادہ سودمند اور پائیدار ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران سے منسلک عراقی ملیشیاؤں نے سعودی عرب کے بنیادی ڈھانچے اور توانائی کی تنصیبات پر حملے کر کے ریڈ لائن عبور کی، جس کے باعث مملکت کو مجبورا دفاعی ردِعمل دینا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق میں کی گئی کارروائی کا مقصد تنازع کو بڑھانا نہیں بلکہ یہ باور کرانا تھا کہ مملکت اپنی سلامتی اور قومی خودمختاری کا دفاع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔   

شہزادہ خالد بن سلمان نے گفتگو کے دوران اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو ایران کے خلاف کشیدگی بڑھانے پر زور دے رہے ہیں، جبکہ سعودی عرب پرامن حل کا حامی ہے۔

اس کے علاوہ ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق میں سعودی کارروائی کے ذریعے یمن کے حوثی گروہ کو بھی ایک واضح پیغام دیا گیا ہے، اور سعودی وزیرِ دفاع نے امریکی قیادت کو آگاہ کیا کہ مملکت حوثیوں سے نمٹنے کی تمام تر صلاحیت رکھتی ہے اور اس معاملے میں فی الحال امریکی فوجی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے، جبکہ دوسری جانب حوثیوں کے ساتھ مذاکراتی عمل بھی جاری رکھا گیا ہے۔   

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.