vni.global
Viral News International

مسلم لیگ (ن) ٹکٹوں کی تقسیم میں مشکلات کا شکار

ن لیگ کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت جاتی امرا میں ہونے والا مشاورتی اجلاس آج بھی بے نتیجہ رہا

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت جاتی امرا میں ہونے والا مشاورتی اجلاس آج بھی بے نتیجہ رہا۔

اجلاس میں پارٹی صدر شہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز، الیکشن سیل کے انچارج اسحاق ڈار، حمزہ شہباز اور صدر پنجاب رانا ثنااللہ شریک ہوئے۔

پانچ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں اعلی قیادت کی جانب سے آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔  پارلیمانی بورڈ کے اجلاسوں میں امیدواروں میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے بھجوائی گئی سفارشات پر غور کیا گیا اور استحکام پاکستان پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات پر مزید مشاورت کی گئی۔

ایک سے زائد مضبوط امیدواروں والے حلقوں میں ٹکٹوں کی تقیسم کے تنازعات پر بھی غور کیا گیا۔ این اے 121 کا ٹکٹ ایاز صادق کو دیا جائے یا شیخ راحیل اصغر کو۔۔اعلی قیادت آج بھی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔ تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ این اے 121 سمیت پنجاب کے دیگر متنازع حلقوں میں ٹکٹ کا حتمی فیصلہ نواز شریف خود کریں گے۔۔

متنازع حلقوں کے سینئر رہنماؤں سے نواز شریف خود ملاقات کر کے انھیں اعتماد میں لیں گے، اجلاس میں آئندہ انتخابات کیلئے تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.