vni.global
Viral News International

بھارتی لڑکے سے دوستی، پاکستانی خاتون بچوں سمیت ہندوستان پہنچ گئی

بھارتی دارالحکومت نئی دلی کے نواحی علاقے سے گرفتار ہونے والی 27 سالہ  پاکستانی خاتون سیما نے مقامی پولیس کو بتایا کہ 2019 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران پب جی کھیلتے ہوئے اس کی بھارتی لڑکے سچن سے دوستی ہوئی، پھر واٹس ایپ پر باتوں کا سلسلہ شروع ہوا اور پھر ہمیں ایک دوسرے سے محبت ہو گئی اور میں نے بھارت آنے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک مخبر کے ذریعے اس واقعے کی اطلاع اس وقت ملی جب پاکستانی لڑکی نے بھارتی لڑکے سے شادی کے لیے ایک ایجنٹ سے رابطہ کیا جو دراصل پولیس کا مخبر تھا، مخبر کی اطلاع پر واقعے کی تحقیقات کی گئیں اور پھر تصدیق کے بعد خاتون اور اس کے بچوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

بھارت میں گرفتار پاکستانی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ نیپال کے ذریعے بھارت میں داخل ہوئے، میں سب کچھ چھوڑ کر بھارت آئی ہوں اور سچن سے بہت پیار کرتی ہوں، میں واپس پاکستان نہیں جانا چاہتی۔

دوسری جانب بھارتی لڑکے سچن نے بھی بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ہم دونوں ایک دوسرے سے بہت پیار کرتے ہیں لہذا ہمیں شادی کرنے کی اجازت دی جائے۔

 سیما کے شوہر کا بیان

ادھر بھارت جانے والی خاتون کے شوہر غلام حیدر جاکھرانی کا کہنا ہے کہ میری بیوی کو پب جی گیم کے ذریعے ورغلاکر بھارت بلایا گیا، حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ بیوی اور بچوں کو واپس لایا جائے۔

یاد رہے کہ سیما نامی پاکستانی خاتون کو بھارتی لڑکے کے ساتھ غیر قانونی طور پر رہنے پر کچھ روز قبل بھارت میں گرفتار کیا گیا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.