فیفا ورلڈ کپ 2026: ایکواڈور نے جرمنی کو ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی
نیویارک: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ایکواڈور نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے مضبوط حریف جرمنی کو 1-2 سے شکست دے دی ہے۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی ایکواڈور نے ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ (اگلے) مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔
میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھا گیا، تاہم ایکواڈور کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت اپنے نام کی۔ یہ اس ورلڈ کپ میں ایکواڈور کی پہلی فتح ہے، جس نے گروپ ای میں اسے تیسری پوزیشن دلائی اور اگلے مرحلے کا ٹکٹ بھی پکا کر دیا۔

دوسری جانب، جرمنی کی ٹیم اس ہار کے باوجود ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئی ہے کیونکہ وہ اپنے ابتدائی دو میچز جیت کر پہلے ہی ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچ چکی تھی۔ اسی گروپ سے آئیوری کوسٹ نے بھی اپنے آخری میچ میں کیوراساو کو شکست دے کر دوسری پوزیشن کے ساتھ اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔