vni.global
Viral News International

ملک بھر میں آج سے شدید بارشوں کی پیشگوئی، سیلاب کی وارننگ

ملک میں مغربی ہواؤں اور شدید مون سون کے ایک طاقتور سلسلے کے باعث نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 23 جولائی کے دوران گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی، فلیش فلڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔

دوسری طرف پی ڈی ایم اے پنجاب نے 20 سے 24 جولائی کے دوران دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے، جبکہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں سمیت سوات، چترال اور پنجکوڑہ میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے مختلف نالوں جیسے ایک، پلکھو، ڈیگ اور بھمبر کے ساتھ ساتھ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے ہل ٹورنٹس (رود کوہیوں) میں بھی فلیش فلڈنگ کا ہائی رسک ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، راولپنڈی، پشاور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور فیصل آباد سمیت متعدد بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

انتظامیہ نے ریسکیو 1122، واسا اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور ہنگامی مشینری سمیت پٹرول و ڈیزل کا وافر ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں یا پہاڑی ڈھلوانوں کے قریب جانے سے پرہیز کریں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.