فیفا ورلڈ کپ : اسپین نے آسٹریا کو شکست دیکر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی
لاس اینجلس میں کھیلے گئے فیفا فٹبال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 32 کے ایک اہم میچ میں اسپین نے آسٹریا کو 0-3 سے عبرتناک شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
میچ کے دوران اسپینش ٹیم کا پلڑا بھاری رہا اور انہوں نے 65 فیصد وقت گیند پر اپنا قبضہ برقرار رکھا۔ اسپین کی جانب سے اسکورنگ کا آغاز پہلے ہاف کے 36ویں منٹ میں ہوا جب اویار زبال نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جس کے بعد پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ ایک صفر رہا۔

دوسرے ہاف میں بھی اسپین نے حریف ٹیم پر حملے جاری رکھے۔ میچ کے 66ویں منٹ میں پیڈرو پورو نے ٹیم کے لیے دوسرا گول اسکور کیا، جبکہ کھیل ختم ہونے سے محض ایک منٹ قبل اویارزبال نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول داغ کر آسٹریا کی شکست پر مہر لگا دی۔ اس فتح کے ساتھ ہی اسپین نے 2010 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کا کوئی ناک آؤٹ میچ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔