کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی احتجاج کی قیادت کیلئے نئی دہلی پہنچ گئے
بھارت میں نوجوانوں کے حقوق کے لیے سوشل میڈیا پر ایک منفرد مہم چلانے والی “کاکروچ جنتا پارٹی” کے بانی ابھیجیت دپکے احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرنے کے لیے نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ دہلی ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد براہِ راست مشہور احتجاجی مقام ‘جنتر منتر’ کے لیے روانہ ہوئے جہاں وہ جاری احتجاج کا حصہ بنیں گے اور دھرنے کی قیادت کریں گے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز کے مطابق ابھیجیت دپکے جنتر منتر پہنچ چکے ہیں اور مظاہرین بھارت کے مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اس غیر معمولی تحریک کا پس منظر کچھ عرصہ قبل پیش آنے والا ایک واقعہ ہے، جب بھارتی چیف جسٹس کی جانب سے ایک معاملے کے دوران مبینہ طور پر نوجوانوں کو ‘کاکروچ’ کہہ کر مخاطب کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس کے اس تبصرے پر نوجوان طبقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا تھا، جس کے جواب میں ابھیجیت دپکے نے احتجاجاً سوشل میڈیا پر علامتی طور پر “کاکروچ جنتا پارٹی” کے قیام کا اعلان کیا۔
نوجوانوں کی تذلیل کے خلاف شروع ہونے والی یہ منفرد ڈیجیٹل مہم دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑی تحریک کی شکل اختیار کر گئی ہے اور اس وقت سوشل میڈیا پر کاکروچ جنتا پارٹی کے فالوورز کی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اب یہ مہم سوشل میڈیا سے نکل کر سڑکوں پر احتجاج کی صورت میں مودی حکومت کے لیے ایک نیا چیلنج بنتی جا رہی ہے۔ دوسری جانب، نوجوانوں کو کاکروچ کہنے پر بھارتی چیف جسٹس کو بین الاقوامی سطح پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے اور حال ہی میں ان کے دورہ برطانیہ کے دوران بھی انہیں اس بیان کی وجہ سے شدید شرمندگی اٹھانی پڑی تھی۔