فریقین اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت وعدوں کی پاسداری کریں: ترجمان دفتر خارجہ
دفتر خارجہ کے ترجمان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو متاثر کر سکتے ہوں۔
اپنے بیان میں ترجمان نے واضح کیا کہ کسی بھی نئے تنازع یا تصادم میں کسی بھی فریق کا مفاد نہیں ہے، اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مسلسل رابطہ، بات چیت اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے۔
انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کریں کیونکہ یہ معاہدہ باہمی افہام و تفہیم اور مشترکہ خوشحالی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔ ترجمان نے اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور سفارتی حل کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔