بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے 6 مغوی مزدوروں کو شہید کردیا
بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے ناصرآباد میں دہشتگردوں کی کارروائی کے نتیجے میں 6 غیر مقامی مزدور شہید ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے 27 جولائی کو ایک غیر مقامی مزدور جاوید کو شہید کیا تھا، جبکہ اس کے ساتھ دیگر 6 مزدوروں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ دہشتگردوں نے تمام 6 مغوی مزدوروں کو سفاکی سے شہید کر دیا ہے۔ شہید ہونے والے مزدوروں کی شناخت محمد ارشد، محمد تیمور، محمد پرویز، محمد وزیر، محمد امجد اور محمد یحییٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ تمام شہید مزدور بلوچستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق شہید ہونے والے تمام افراد کا تعلق پاکستان کے دیگر صوبوں سے ہے، جن میں سے 4 کا تعلق پنجاب اور 2 کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کچھ دن پہلے بلوچستان ہی کے علاقے ماشکیل میں بھی 5 غیر مقامی مزدوروں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا تھا، جن کا تعلق ترقیاتی کاموں سے تھا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔