پی ٹی آئی کو انتخابی مہم سے روکنا پری پول دھاندلی ہے، بیرسٹر گوہر
اسکردو (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے مقتدر حلقوں اور حکومت کو سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو اتنا دیوار سے نہ لگایا جائے کہ وہ موجودہ سیاسی نظام سے ہی الگ ہونے پر مجبور ہو جائیں۔
گلگت بلتستان کے دورے کے دوران اسکردو میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے اسمبلیوں سے استعفوں کا واضح اشارہ دیا۔ انہوں نے کہا:ہمیں یہ سوچنے پر مجبور نہ کیا جائے کہ ہمارا اس سسٹم میں رہنے کا کیا فائدہ ہے؟ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو ہم اسمبلیوں اور سینیٹ سے بھی باہر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔”
انتخابی مہم میں رکاوٹیں اور پری پول دھاندلی کے الزامات
بیرسٹر گوہر نے گلگت بلتستان میں پارٹی رہنماؤں کے خلاف حکومتی اقدامات پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے سے روکنا صریحاً پری پول دھاندلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے لیڈرز اور ایم این ایز کو روکنا یا انہیں صوبہ بدر کرنا نہ صرف آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے بلکہ جمہوریت کے خلاف ایک گہری سازش ہے۔
مخالف سیاسی جماعتوں کو نشانہ بناتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جو لوگ اپنے ذاتی حلقوں سے الیکشن ہار چکے ہیں، وہ آج گلگت بلتستان کے غیور عوام سے ووٹ مانگنے آئے ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں کی گزشتہ 4 سال کی کارکردگی صرف یہ رہی ہے کہ “پی ٹی آئی کو روکو تاکہ الیکشن جیت سکیں”۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جی بی کے خوددار لوگ ان کے کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے۔