بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں عرس کی تقریبات، زائرین کی بڑی تعداد شریک
قصور: قصور میں عظیم صوفی شاعر اور وادیٔ سندھ کے بلاشبہ ایک مایہ ناز روحانی رہنما حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ عرس کے دوسرے روز بھی ملک بھر سے آنے والے زائرین اور عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد دربارِ عالیہ پر حاضری دے رہی ہے۔
دربار کے احاطے میں دن بھر روح پرور محافل، نعت خوانی اور عارفانہ کلام کا سلسلہ جاری ہے، جہاں زائرین انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ بابا بلھے شاہؒ کے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھا رہے ہیں اور فاتحہ خوانی کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
انتظامیہ اور سکیورٹی کے اقدامات عرس کی تین روزہ تقریبات کے دوران زائرین کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں
دربار عالیہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں اور پولیس اہلکار حساس مقامات پر تعینات ہیں۔
جبکہ زائرین کی سہولت کے لیے وسیع پیمانے پر لنگر اور پینے کے صاف پانی کا اہتمام کیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں عرس کی یہ تین روزہ تقریبات کل اختتامی دعائیہ تقریب کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچیں گی۔