بلوچستان،سوراب میں بم دھماکہ: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 18 دہشتگرد ہلاک، 3 شہری شہید
بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشت گردوں کا بھیانک منصوبہ ناکام ہوگیاا۔ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد گاڑی میں دیسی ساختہ بم نصب کر رہے تھے کہ تیاری کے مرحلے کے دوران ہی دھماکہ قبل از وقت ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، بم دھماکے اور وہاں موجود دیگر بارودی مواد میں ہونے والے ثانوی دھماکوں کی وجہ سے 8 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ قریب موجود 3 بے گناہ شہری بھی جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کے فوراً بعد سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مشترکہ کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشت گردوں کا پیچھا کیا گیا اور سکیورٹی فورسز نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشت گردوں کو مار گرایا، جس کے بعد ہلاک ہونے والے مجموعی دہشت گردوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سکیورٹی فورسز کے 2 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوئے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق، قومی ایکشن پلان کے تحت اور عزمِ استحکام وژن کے مطابق غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک بلامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔