سی ایس ایس تحریری امتحانات،صرف 2.74 فیصدامیدوار کامیاب ہوئے
سی ایس ایس 2026 کے تحریری امتحانات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کردیا گیا
فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے سی ایس ایس 2026 کے تحریری امتحانات کا نتیجہ باضابطہ طور پر جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق اس سال کامیابی کا تناسب انتہائی کم یعنی صرف 2.74 فیصد رہا ہے۔ ملک بھر سے اس سخت اور مقابلے کے امتحان میں کل 17 ہزار 351 امیدواروں نے شرکت کی تھی، جن میں سے صرف 476 امیدوار ہی تحریری امتحان پاس کرنے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔
کامیاب ہونے والے 476 امیدواروں میں 239 مرد اور 237 خواتین شامل ہیں، جو مرد اور خواتین کی تقریباً برابر کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔
ایف پی ایس سی کے حکام کے مطابق تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے تمام امیدواروں کے لیے میڈیکل، سائیکولوجیکل ٹیسٹ اور حتمی زبانی امتحان (انٹرویو) کا شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا، جس کے بعد ان کی حتمی تعیناتیوں کے مراحل مکمل کیے جائیں گے۔