آن لائن حج رجسٹریشن،پہلے 11 دن میں 2 لاکھ سے زائد افراد نے رجسٹریشن مکمل کرلی
اسلام آباد؛، وزارتِ حج نے بتایا ہے کہ آن لائن حج رجسٹریشن کے پہلے 11 دنوں میں 2 لاکھ سے زائد عازمین نے گھر بیٹھے کامیابی سے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ اس سلسلے میں ایک لاکھ 80 ہزار عازمین نے ویب پورٹل اور 24 ہزار نے موبائل ایپ کا استعمال کیا۔ اسکیموں کے انتخاب کے حوالے سے ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد عازمین نے سرکاری جبکہ 49 ہزار نے پرائیویٹ حج اسکیم کو ترجیح دی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق مختلف علاقوں سے رجسٹریشن کرانے والوں میں پنجاب سے 95 ہزار، سندھ سے 63 ہزار، خیبر پختونخوا سے 28 ہزار، اسلام آباد سے 9 ہزار، بلوچستان سے 5500، آزاد کشمیر سے 1200 اور گلگت بلتستان سے 600 عازمین شامل ہیں۔ رجسٹریشن مکمل کرنے والے عازمینِ حج میں مردوں کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار جبکہ خواتین کی تعداد 84 ہزار 500 ہے۔