راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ، گرمی کا زور ٹوٹ گیا
راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے لاہورکے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، ماڈل روڈ اور اسلام پورہ کے اطراف میں گہرے بادلوں اور ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے.
گجرات، جہلم اور دیگر شہروں میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے، متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں آئندہ 24گھنٹوں میں بھی بارش کا امکان ہے، اپر دیر، سوات، کوہستان، وزیرستان میں برسات متوقع ہے، اس کے علاوہ بلوچستان میں خضدار، کوہلو، بارکھارن میں بادل برس سکتے ہیں.

ادھر محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے وسطی اضلاع میں شدید گرمی جبکہ چندعلاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بلوچستان کے اکثراضلاع میں موسم گرم وخشک جبکہ وسطی اضلاع میں شدید گرم رہ سکتا ہے، صوبے کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے علاقے شیرانی، موسی خیل، کوہلو، بارکھان، خضدار میں چند مقامات پربارش کا امکان ہے.

ادھر کراچی میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جن کی رفتار 45 تا 50 کلو میٹر فی گھنٹہ تک بڑھ سکتی ہیں محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق تیز ہوﺅاں کے سبب موسم معتدل رہ سکتا ہے، سمندری ہوائیں مسلسل بحال رہنے سے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 تا 36 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے. کراچی میں جمعہ کے روز موسم گرم و مرطوب، جزوی ابر آلود رہنے اور کہیں کہیں بونداباندی اور پھوار ہونے کی توقع ہے صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم جیکب آباد، کشمور، قمبر شہداد کوٹ ، لاڑکانہ اور دادو کے اضلاع میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا بوندا باندی کا امکان ہے.