فیروزوالہ,بند ٹوٹنے سےتین بچے پانی میں ڈوب کر جاں بحق
پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے فیروزوالہ میں نالہ بھیڑ کا بند ٹوٹنے سے افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک ہی گھر کے تین کمسن بچے گہرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ فیروزوالہ کی پٹھان کالونی میں پیش آیا، جہاں نالے کا بند ٹوٹنے کے بعد آبادی اور گھر کے قریب بڑی مقدار میں پانی جمع ہو گیا۔ تینوں بچے جمع شدہ پانی میں نہا رہے تھے کہ اچانک گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت دانیال، نعمان اور برہان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بچوں کو پانی سے نکال کر فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
حادثے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصے اور سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ متاثرہ خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔ اہل علاقہ نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نالوں اور حفاظتی بندوں کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔