وزیراعظم نے پی پی کو گلگت بلتستان اسمبلی میں حکومت بنانے کی دعوت دے دی
گلگت بلتستان اسمبلی میں حکومت سازی کے حوالے سے ایک اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی کے دوڑ سے پیچھے ہٹتے ہوئے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کو اکثریتی جماعت تسلیم کرتے ہوئے انہیں گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی باقاعدہ دعوت دے دی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے جمہوری روایات اور اقدار کو مقدم رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کے منتخب اراکین اسمبلی میں حکومت سازی کے لیے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے۔
گلگت بلتستان میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اتحاد سے حکومت بننےکا امکان
وزیر اعظم کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اکثریت کو تسلیم کرنا جمہوری روایت کا تسلسل ہے اور وہ اس دعوت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے مزید بتایا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ہونے والے اتفاق رائے کے نتیجے میں گلگت بلتستان کے گورنر اور ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ مسلم لیگ (ن) کو دیا جائے گا، جبکہ پیپلز پارٹی وہاں کے عوام کی خدمت کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔