پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قاتل گرفتار
اسلام آباد میں ایک خاتون کی عزت اور جان بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فضائیہ کے بہادر افسر گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قاتل کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سعد عباسی کو تھانہ کھنہ کے علاقے سے حراست میں لیا گیا ہے۔
گروپ کیپٹن عاصم طارق اسلام آباد میں نائنتھ ایوینیو سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو ایک خاتون کے ساتھ زبردستی کرتے دیکھا۔ انہوں نے فوری طور پر اپنی گاڑی روکی اور بیچ بچاؤ کرانے کے لیے آگے بڑھے، جس پر خاتون موٹرسائیکل سے اتر کر دوسری طرف بھاگ گئی۔ اس دوران ملزم سعد عباسی نے گروپ کیپٹن عاصم طارق سے بدکلامی شروع کر دی اور بعد میں آگے جا کر یوٹرن لیا اور ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم طارق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے
یہ بھی پڑھیں
پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم خاتون کو بچاتے ہوئے شہید
متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ ملزم اس کا آفس کولیگ تھا جس نے اسے کام پر ساتھ لے جانے کی پیشکش کی تھی لیکن وہ راستہ تبدیل کر کے اسے کہیں اور (پارک) لے جانا چاہتا تھا، جس پر خاتون نے مزاحمت کی اور اسی دوران پاک فضائیہ کے افسر نے بروقت مداخلت کر کے اس کی جان بچائی۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حاضر سروس گروپ کیپٹن کا فائرنگ میں شہید ہونا ایک انتہائی تشویش ناک اور چیلنجنگ کیس تھا۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر پولیس کی 11 ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے تندہی سے کام کرتے ہوئے واقعے کے محض 9 گھنٹوں کے اندر ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے ملزم سعد عباسی کو دھر لیا۔ آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ کیس میں قانون کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے اور ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے گی۔