وعدے کے مطابق پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کودینگے،وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ حکومت اپنے وعدے کے مطابق آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں جب بھی تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی، اس کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے گا، چنانچہ آج ان قیمتوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
عالمی مارکیٹ میں جنگ بندی اور تیل کی قیمتوں میں کمی
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب سے تین ماہ قبل جنگ چھڑنے کی وجہ سے تیل کی قیمتوں کو آگ لگ گئی تھی اور ہمارے وسائل بھی محدود تھے، تاہم اب جنگ بندی کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں اور یقیناً ان میں مزید کمی بھی آئے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس جنگ بندی سے خطے میں معاشی خوشحالی آئے گی اور وہ سیاہ رات اب ختم ہونے کو ہے، اسی تناظر میں آج پیٹرول اور تیل کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا۔
آج دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا نام عزت اور بلند وقار کے ساتھ گونج رہا ہے،وزیراعظم
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے ملکی ساکھ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کے ہر خطے میں پاکستان کا نام عزت اور بلند وقار کے ساتھ گونج رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ شام ان کی ایران کے صدر سے تفصیلی بات چیت ہوئی، جنہوں نے بار بار پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور جلد پاکستان کا دورہ کر کے یہاں کے عوام کا شکریہ ادا کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم نے مزید بتایا کہ 3 اور 4 جولائی کو ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی جس میں شرکت کے لیے پاکستان کا وفد وہاں موجود ہوگا۔
امن معاہدے میں پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کا کلیدی کردار رہا، شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے قومی وحدت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ انہوں نے ایران کے معاملے پر بہترین کارکردگی دکھانے پر نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا، جبکہ قائد حزب اختلاف کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس تمام کامیابی میں سب سے زیادہ کلیدی کردار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ہے، کیونکہ حکومت کو کریڈٹ لینے کا کوئی شوق نہیں بلکہ قوم کو ریلیف اور کامیابی دلوانے کا جوش و جذبہ سب سے اہم ہے۔