بغیر ویزا افغان شہریوں کو گرفتار اور ڈی پورٹ کرنے کا حکم،10 جولائی کی ڈیڈ لائن مقرر
وفاقی حکومت نے ملک بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی گرفتاری اور ڈی پورٹیشن (بے دخلی) کے لیے ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ایک اہم مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں حکومتی فیصلوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ:
-
گرفتاریوں کا آغاز: بغیر ویزا کے ملک میں مقیم کسی بھی افغان شہری کو 10 جولائی سے گرفتار کیا جائے گا۔
-
ڈی پورٹیشن میں تیزی: ویزا کے بغیر رہنے والے اور ویزا کی مدت ختم ہونے کے باوجود مقیم (اوور اسٹے) افغان شہریوں کی بے دخلی کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
-
روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ: وفاقی حکومت نے کارروائیوں کی سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر وزارت داخلہ کو رپورٹ جمع کرائی جائے، جس میں گرفتار افغان شہریوں کی تعداد، ان کے خلاف کی گئی کارروائی اور ان کی موجودہ حیثیت کی مکمل تفصیلات شامل ہوں۔