اسلام آبادمیں انسانی اعضاکی خرید و فروخت،غیر ملکی باشندوں سمیت 5 افرادگرفتار
اسلام آباد میں انسانی اعضا کی غیر قانونی خرید و فروخت کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب، غیر ملکیوں سمیت 5 افراد گرفتار
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف 7 میں وفاقی تحقیقاتی ادارے اور پی ہوٹا کی ٹیم نے ایک مشترکہ چھاپہ مار کر انسانی اعضا کی خرید و فروخت کے الزام میں غیر ملکی باشندوں سمیت 5 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں تازہ، خشک اور پراسیس شدہ انسانی پلاسنٹا کا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، یہ نیٹ ورک مقامی سہولت کاروں کی مدد سے پشاور، راولپنڈی اور لاہور کے مختلف ہسپتالوں سے انسانی پلاسنٹا جمع کرنے میں ملوث تھا۔ ملزمان اس انسانی پلاسنٹا کو بھیڑ کے اعضا ظاہر کر کے بیرونِ ملک، بالخصوص ویتنام اسمگل کرتے تھے، جہاں اسے ادویات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا تھا۔ ایف آئی اے نے برآمد شدہ تمام نمونے طبی معائنے اور تفصیلی رپورٹ کے لیے پمز ہسپتال بھجوا دیے ہیں اور واقعے کی مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔